بنگلورو۔6/اگست(ایس او نیوز) مہاراشٹرا میں مسلسل بارش کے نتیجہ میں شمالی کرناٹک کی بیشتر ندیاں سیلاب کا سبب بن چکی ہیں۔ چکوڈی میں زیر آب پلوں کی تعداد بڑھ کر 9ہوگئی ہے۔اس ضلع کے اکثر دیہات ریاست کے بقیہ حصوں سے پوری طرح کٹ چکے ہیں۔ پچھلے تین دنوں سے مہاراشٹرا میں جاری مسلسل بارش کے نتیجہ میں بلگام کی کرشنا،وید گنگا، دودھ گنگا، ملاپربھا اور گٹھا پربھا ندیاں خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ چکوڈی تعلقہ میں سات، خانہ پور میں دو اوراتھنی میں ایک پل پوری طرح غرقاب ہوچکے ہیں۔رائے باغ تعلقہ کے گڈچی،اگارخوردہ روڈ اور اسی طرح اگاربیکے اگارخوردہ روڈزیر آب آچکے ہیں۔چکوڈی تعلقہ کے کللولا،یاڈور، کارداگا، بھوج، ملکا واڈی، دتا واڈا، سدنال، اکولہ، بیوسی،جتراٹا، ہنرگی سمیت 9پل مکمل طور پر غرقاب ہوچکے ہیں۔ اکثر آبی ذخائر سے لاکھوں کیوسک پانی بہایا جارہا ہے۔آلمٹی ڈیم سے تمام گیٹ کھول کر پانی سمندر کی طرف بہایا جارہا ہے۔ تمام پانچ ندیوں کے کناروں پر بسنے والوں کو ہٹادیا گیا ہے۔ان لوگوں کی باز آبادکاری کیلئے چکوڈی، خانہ پور اور دیگر مقامات پر راحت کاری کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان کیمپوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔